فوج کے حق میں سول سوسائٹی کی ریلیاں

حسن ابدال؍ مانسہرہ؍ کراچی(نامہ نگار؍ بیورورپورٹ)شر پسندوں نے ہمارے پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کے گھر کو جلانے میں بھی شرم محسوس نہیں کی،ایسے شد ت پسندی کے واقعات نے ان لوگوں کو دہشت گرد ثابت کر دیا ہے،ہم پاک فوج ،کور کمانڈر کے گھر ،ہمارے شہداء کی تصاویر اور دیگر املاک کو جلانے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،ان خیالات کا اظہارمرکزی انجمن خدام الفقراء اور سٹیزن رائٹس کونسل حسن ابدال کے زیر اہتمام پاک فوج کے حق میں نکالی جانیوالی ریلی سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے محمد شاویز خان،ضلعی صدر سردار اشعر حیات خان،صدر انجمن خدام الفقراء اسد اقبال ترک،چیئرمین سٹیزن رائٹس کونسل شاہد اعوان اور ٹکٹ ہولڈر پیپلز پارٹی سردار ذوالفقار حیات خان و دیگر نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔پاک فوج کے حق میں نکالی جانیوالی ریلی میں سیاسی و سماجی اور مذہبی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ریلی میں سکھ کمیونٹی نے بھی خصوصی شرکت کر کے پاک فوج سے محبت کا اظہار کیا۔ریلی چلہ گاہ شریف بابا ولی قندہاری پنجہ بازار سے شروع ہو کر ہزارہ روڈ سے ہوتی ہوئیٹیپو سلطان شہید چوک پہنچی،جس کے راستوں پر شہریوں نے دودھ کی سبیلیں لگائیں،ریلی کے ہزارہ روڈ پہنچنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر و دیگر کی جانب سے شرکاء کا پر تپاک استقبال کرتے ہوئے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں،ٹیپو سلطان شہید چوک پہنچنے پر ریلی میں شریک سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے اریندر سنگھ جگی کا کہنا تھا کہ ہماری ریڈ لائن کوئی شخصیت نہیں بلکہ ہمارا ملک اور ہماری فوج ہے،جو ہماری سرحدوں کی حفاظت کی ضامن ہے،پاک فوج کے جوان سرحدوں پر جاگتے ہیں تو ہم اپنے گھروں میں سکون کی نیند سوتے ہیں۔انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ ہمیں اندر کے دشمن نے نقصان پہنچایا ہے۔مانسہرکے علاقے تناول میں سینکڑوں گاڑیوں پر عظیم الشان افواج پاکستان و ریاستی اداروں سے اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی۔ریلی شیخ آباد بیدڑہ سی پیک انٹر چینج سے شروع ہو کر بیدڑہ روڈ، بٹ پل، شنکیاری روڈ، ایبٹ آباد روڈ سے ہوتی ہوئی داتہ ٹول پلازہ پر پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائ وزیر حاجی ابرار حسین تنولی، سابق صوبائ امیدوار حاجی سفیر ابرار تنولی، سردار شہزاد حیدر، سابق امیدوار تحصیل مئیر عمیر عاشق تنولی، سیاسی و سماجی شخصیت فریدون تنولی، چئیرمین روشن زمان تنولی، جمشید تنولی و دیگر نے کہا کہ افواج پاکستان اور ریاستی ادارے ہماری ریڈ لائن ہیں۔ 9 مئ کو شرپسندوں نے ریاستی اداروں کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کر کے پاکستانی قوم کے دلوں کو زخمی اور دکھی کیا ہے۔ہم افواج پاکستان اور ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں. ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت عملی قانونی فوری کاروائ عمل میں لا کر عبرت کا نشان بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی ناپاک حرکت کرنے کی جرات نہ ہو۔افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور سانحہ 9 مئی کے خلاف اہلیان شرافی گوٹھ کراچی کی جانب سے سماجی رہنما سمیر بلوچ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جوشرافی گوٹھ سے شروع ہوکر سنگر چورنگی پر اختتام پذیر ہوئی۔وزیراعلی سندھ کے مشیرطارق حسن اورانسان دوست تنظیم پارٹی کے چیئرمین قیس منصور شیخ نے اٹک چھاچھی اتحاد کی جانب سے افواج پاکستان سے اظہاریکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی میں شرکت کی۔ ریلی کراچی کے مختلف علاقوں سے ہوتی کراچی پریس کلب پہنچی۔شرافی گوٹھ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سمیربلوچ دیگرمقررین نے کہا کہ ریلی کے انعقاد کا مقصد پاک فوج اور دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں کسی کو توڑ پھوڑ کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی ۔

ریلیاں