ایبٹ آباد (نمائندہ امت)ایبٹ آباد میں دوروزہ تبلیغی اجتماع رقت آمیز دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ۔ضلع کے طول وعرض سے فرزندان توحید ہزاروں کی تعداد میں جمع ہوئے ۔اس موقع پر رائیونڈ مرکز کے بزرگ مولانا احمد عمر ،مولانا بابر جاوید نے اختتامی روز اپنے خطاب میں کہا ہے کہ دعوت ،تعلیم اورذکر سے یقین میں ترقی ہوگی اپنے مسئلہ کو پورے یقین کے ساتھ اللہ کے سامنے رکھیں ۔دین کی حفاظت اخلاق میں ہے ۔اگر اخلاق اچھا نہ ہوا تو قیامت کے روز دوسرے کے گناہ کا طوق گلے میں ڈالا جائے گا اورپہاڑوں جیسی نیکیاں لانے والے دوسروں کے گناہوں کے بوجھ تلے دب جائیں گے۔مسلمان ہونا اور ایمان کی دولت سے نوازا یہ اللہ کا بہت بڑا احسان ہے۔کسی حال میں بھی اپنی مرضی نہیں کرنی ہے۔اللہ کے حکم کی پابندی صرف نماز میں ہی نہیں ۔ہم تو 24گھنٹے مسلمان ہیں ۔اللہ اور اس کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات کی پابندی پر چلیں گے تو پورے پورے مسلمان بن جائیں گے۔اس کے علاوہ دوسری نسبت اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی امت میں ہونا ہے ۔اس امت کو چنا گیا ۔اس موقع پر رقت آمیز دعا کے ساتھ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ملک کی سلامتی اور اسلام کی ترویج کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور ملک کے مختلف حصوں کے لئے چار ماہ اور چلہ کی جماعتوں کی بھی تشکیل کی گئی۔دوروزہ اجتماع کے تمام تر انتظامات خوبصورتی سے مکمل کئے گئے۔اس موقع پر رائیونڈ مرکز کے بزرگ مولانا مولانا احمد عمر نے رقت آمیز دعا کروائی ،جب مقامی علماء کرام میں البدر مرکز کے مولانا آصف ،وفاق المدارس کے ضلعی مسئول مفتی حبیب الرحمن ،مولانا عمیر قریشی ،مولانا وقاص ،مولانا سمیع الرحمن ،مولانا عبدالوحید ،مفتی جعفر طیار مقبول اعوان ،جے یوآئی کے ضلعی صدر مولانا انیس الرحمن قریشی ،جنرل سیکرٹری مولانا غلام مجتبیٰ کے علاوہ مدارس کے طلبہ بھی شریک تھے ،دریں اثنا ضلع بھر کے علماء کرام ،مداس کے طلباء کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء اور خواص کے بھی الگ الگ حلقے لگائے گئے ۔پنڈال میں ضلع ایبٹ آباد کے ایک لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے ہیں ۔محکمہ صحت ایبٹ آباد نے پنڈال کے بار میڈیکل کیمپ لگا یا اور ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی گاڑیاں بھی موجود رہیں ۔پنڈال کے مختلف مقامات پر ٹھنڈے مشروبات کی سبیلیں بھی لگائی گئیں ۔