سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب نمائندے آج حلف اٹھائیں گے

کراچی(اُمت نیوز)کراچی سمیت سندھ کے 30 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دونوں مرحلوں اور ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے بلدیاتی نمائندے طویل عرصے بعد آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے30 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے نمائندوں کی تقریب حلف برداری آج ہوگی۔
حلف برداری کی تقریب کے لیے مختلف مقامات مخصوص کیے گئے ہیں، الیکشن کمیشن نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ریٹرننگ افسر مقرر کیا ہے جو بلدیاتی نمائندوں سے حلف لیں گے۔
منتخب نمائندوں کو شناختی کارڈ کی کاپی اور 2 تصاویر لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی نمائندوں کو اسی ہچکچاہٹ اور خوف کا سامنا ہوگا جو 2016 میں ایم کیو ایم کو تھا، اگر پی ٹی آئی کے تمام اراکین نے حلف اٹھالیا تو جماعت اسلامی کی پوزیشن مستحکم ہوسکتی ہے بصورت دیگر پیپلز پارٹی کا امیدوار میئر کے لیے مضبوط ثابت ہوگا۔