اٹک ،پی ٹی آئی کے 24میں سے 18کارکنان ضمانت پر رہا

حسن ابدال (نامہ نگار )چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج پرضلع اٹک سے گرفتار پی ٹی آئی کے 18کارکنان ضمانت پر رہا،لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں جسٹس چوہدری عبد العزیز نے کارکنان کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے۔تفصیلات کے مطابق 9مئی کے پر تشدد واقعات میں ضلع اٹک سے پی ٹی آئی کے تقریبا 24کارکنان گرفتار تھے،جن کی ضمانت کے لئے ملک طاہر ایڈووکیٹ،راجہ طاہر ولید ایڈووکیٹ،غزالہ صدیقی اور زاہد انور پر مشتمل پی ٹی آئی کی 4رکنی لیگل ٹیم نے کیس کی پیروی کرتے ہوئے15مئی کو عدالت میں پٹیشن دائر کی ۔ معزز عدالت نے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19مئی کو مقرر کی ۔پی ٹی آئی لیگل ٹیم کے ممبر راجہ طاہر ولید ایڈووکیٹ نے میڈیا کو بتایا کہ جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کیس کی سماعت کے دوران تمام دلائل سننے کے بعد 24گرفتار کارکنان میں سے 18کارکنان کی ضمانت منظور کر لی ہے،جس کے بعد گرفتار 18کارکنان کو اٹک اور حافظ آباد جیل سے رہا بھی کر دیا گیا ہے۔رہا ہونے والوں میں تحصیل حسن ابدال سے راجہ قیصر،راحت گل،آصف حسین شاہ،مبین خان،سکندر عباس سمیت ضلع اٹک کی دیگر تحصیلوں کے کارکنان شامل ہیں۔