زخمی شہریوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا، فائل فوٹو
زخمی شہریوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا، فائل فوٹو

کراچی : سرجانی سے بوری بند لاش برآمد-سوسائٹی میں چوکیدار قتل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سرجانی ٹاؤن سے انچولی کے رہائشی کی بوری بند لاش ملی جبکہ پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی سے خالی پلاٹ سے چوکیدار کی لاش ملی ،مقتولین کو تشدد اور تیز دھار آلہ کے وارسے قتل کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے کنیز فاطمہ سوسائٹی مین روڈسے بوری بند لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس نے بوری بند لاش کو اپنی تحویل میں لیکر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں ایس ایچ او گنہور خان نے بتایاکہ مقتول کی شناخت 45سالہ سید محمد ریحان ولد حیدر زیدی کے نام سے ہوئی جو کہ فیڈرل بی ایریا انچولی سوسائٹی کا رہائشی تھا۔ انھوں نے بتایا کہ مقتول شادی شدہ ایک بچے کا باپ تھا۔انکے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ریحان اکثر دو دو دن تین تین دن گھر نہیں آتا تھا جبکہ کوئی کام دھندا بھی نہیں کرتا تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ مقتول کا نامعلوم ملزمان نے نامعلوم مقام پر لے جا کر بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور قتل کرکے لاش بوری میں بند کرکے مین روڈ پر پھینک دی تاہم پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔

پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد وجہ موت بھی سامنے آجائے گی تاہم پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کردیا۔ علاوہ ازیں ٹیپوسلطان کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 6کے ایک خالی پلاٹ میں قائم کمرے سے چوکیدار کی خون آلود لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ کرائم سین یونٹ بھی موقع پر پہنچ گیا۔ پولیس نے جائے وقوع کے موقع معائنے کے بعد لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں مقتول کی شناخت 55سالہ غلام سرور ولد میاں داد کے نام سے ہوئی۔

مقتول کو ملزم یا ملزمان نے گاڑی کا جیگ سر پر مارا اور اسکرو ڈرائیور سے جسم کے مختلف حصوں پر مختلف وار کیے۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس کو مذکورہ پلاٹ کے قریب ایک بنگلے کے چوکیدار نے اطلاع دی تھی اس چوکیدار کا کہنا تھاکہ وہ کافی دیر اسکے کمرے پر دستک دیتا رہا لیکن جب وہ نہیں آیا تو پولیس کو اطلاع دی جبکہ اس اطلاع مقتول کے ایک بھائی موقع پر پہنچ گیا جو کہ قریبی کسی مقام پر ملازمت کرتا ہے۔پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔ پولیس کو شبہ ہے غلام سرورکا قتل ذاتی یا خاندانی دشمنی معلوم ہوتی ہے تاہم پولیس مزیدتفتیش کررہی ہے۔