عدالت نے شیریں مزاری کو ایک بار پھر رہا کرنیکا حکم دیدیا

راولپنڈی (امت نیوز)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے پی ٹی آئی رہنماء شیریں مزاری کو ایک  بار پھر رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالتی حکم پر رہائی کے باوجود انہیں دو بار گرفتار کیا جاچکا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چودھری عبد العزیز نے کی۔

شیریں مزاری کے وکلاء بیرسٹر شعیب رزاق اور انیق کھٹانہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان مزاری بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ اگر شیریں مزاری کسی مقدمے میں نامزد نہیں تو ان کو دوبارہ گرفتار نہ کیا جائے اور شیریں مزاری ڈپٹی کمشنر کے پاس بیان حلفی جمع کرائیں وہ آئندہ کسی ایسی سرگرمی میں شامل نہیں ہوں گی۔