فوجی تنصیبات پر حملے ناقابل برداشت ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی(امت نیوز)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاہے کہ فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہداء کی حرمتوں کے واقعات ناقابل برداشت ہیں ۔

یہ بات انہوں نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں تقریبِ تقسیم اعزازات کے موقع پر کہی

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے آپریشنز کے دوران بہادری اور قوم کے لئے شاندار خدمات پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا۔

51 افسران کو ستارہ امتیاز(ملٹری) ،22 افسران و جوانوں کو تمغہ بسالت اور 2 جوانوں کو اقوامِ متحدہ کے خصوصی میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا۔

تقریب میں بڑی تعداد میں پاک فوج کے سینئر افسران اور شہداء کے اہلخانہ نے شرکت کی

اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ  بلاشبہ شہداء کی فرض شناسی اور عظیم قربانیوں کے طفیل ہم ایک آزاد فضا میں زندگی بسر کر رہے ہیں ۔شہداء کی قربانیاں اور غازیوں کی خدمات ہمارا قیمتی اثاثہ اور سرمایہِ افتخار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج بطور ادارہ اپنے سے منسلک ہر فرد کو اور اس کے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے اور ہمارا یہ رشتہ بطور خاندان قابلِ فخر اور فقید المثال ہے

آرمی چیف کا کہنا تھاکہ افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی اور افسر تمام علاقائی، لسانی، اور سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے۔ مضبوط فوج مملکت کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے

آرمی چیف نے حالیہ دنوں میں فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہداء کی حرمتوں پر حملوں کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابلِ برداشت ہیں ۔