اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے جنرل عاصم منیر کے بارے میں کل جھوٹ بولا۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کا ٹوئٹ پڑھ کر سنایا اور کہا کہ عمران نیازی نے کل اس ٹوئٹ میں سفید جھوٹ بولا۔
انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے عمران خان کو بتایا تھا کہ آپ کی اہلیہ کرپشن میں ملوث ہے۔عمران خان کو عاصم منیر کی بشریٰ بی بی کی کرپشن پر بات کرنا پسند نہیں آیا اور اُن کا تبادلہ کردیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 60 ارب روپے کوئی معمولی بات ہے؟ یہ 60 ارب روپیہ قومی خزانے میں آنا چاہئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سویلین تنصیبات پر حملوں کے کیسز انسداد دہشتگردی قانون کے تحت چلیں گے۔ میانوالی میں اس جہاز کو جتھے نے جلایا جو دشمن پر شاہین کی طرح جھپٹتا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے جعلی خط لہرا کر پاک امریکا تعلقات کے پرخچے اڑا دیے، اب امریکیوں کو فون کیے جا رہے ہیں، اسی عطار کے لونڈے سے دوا لیتے ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ چین، ترکی اور سعودی عرب کشمیر کاز کےلیے پاکستان کا ساتھ دے رہے ہیں۔