پاکستان میں سیاسی استحکام ہی ملکی ترقی کا ضامن ہے،اماراتی سفیر

کراچی (رپورٹ: محمد اعظم خان ) پاکستان میں تعینات اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے کہاہے کہ پاکستان میں سیاسی استحکام ہی معیشت کی مضبوطی اور ملک کی ترقی کا ضامن ہے،

یہ بات انہوں نے کراچی میں آج شب اعلی حکومتی عہدیداران و معززین کے اعزازمیں دیئے گئے پروقار عشائیہ کے دوران کہی ۔

اماراتی قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی کی رہائشگاہ پر منعقدہ عشائیہ میں گورنر سندھ، وزیر اعلی سندھ، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ سمیت مختلف ممالک کے قونصل جنرلز اور دیگر معززین نے بھی خصوصی شرکت کی۔

گزشتہ چند روز سے کراچی کے خصوصی دورے پر آئے ہوئے پاکستان میں تعینات اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے گزشتہ دنوں میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات سمیت سندھ کے اعلی عہدیداران سے خصوصی ملاقاتیں کیں ۔

اس ضمن میں اماراتی سفیر کی جانب سے آج شب اماراتی قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی کی رہائشگاہ پرسندھ کے اعلی عہدیداران کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔

عشائیہ میں گورنر سندھ کامران خان ٹسوری، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ،وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی اور آغا سراج درانی سمیت کویت ، قطر، بحرین اور عمان سمیت دیگر ممالک کے سفیروں ، صوبہ کی اعلی سرکاری، سیاسی و کاروباری شخصیات نے بھی خصوصی شرکت کی ۔

مہمانوں کی آمد پر عرب کے روایتی انداز میں کجھور اور قہوہ سے مہمانوں کی تواضع کی گئی ۔ اس موقع پر اماراتی  سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نےگورنر سندھ، وزیر اعلی سندھ اورصوبے کے دیگراعلی عہدیداران وسیاسی شخصیات سے دونوں ممالک کے درمیان قائم مضبوط دوطرفہ تعلقات اوردوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے نئے تجارتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔

اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی کا کہنا تھا کہ  پاکستان میں سیاسی استحکام ہی معیشت کی مضبوطی اور ملک کی ترقی کا ضامن ہے، یو اے ای حکومت برادر ملک پاکستان کو ہر حال میں ایک مضبوط معیشت ، سیاسی استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن برادر ملک کی حیثیت سے دیکھنے کی خواہش مند ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی آمدپر ہمیشہ مجھے ایک خوشی کا احساس ہوتا ہے ۔سندھ باالخصوص کراچی کے لوگوں کی محبت اور زندہ دلی وطن اور گھر سے دوری کا احساس نہیں دلاتی۔ اماراتی سفیر کی جانب سے پروقار عشائیہ میں شریک معزز مہانوں کی جانب سے پاک یو اے ای دوستی کی مضبوطی اور دونوں ممالک کی سلامتی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔

اس موقع پر مہمانوں کا کہنا تھا کہ اماراتی قونصل جنرل کراچی انتہائی محبت کرنے والے اور متحرک شخصیت ہیں۔ سندھ سمیت ملک بھی میں سیلاب متاثرین کی مدد ہو یا کراچی میں ہونے ہونے والا کوئی ایونٹ، بخیت عتیق الرومیتی ہمیشہ پیش پیش ہوتے ہیں۔ قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی نے معزز مہمانوں کو گرم جوشی سے خوش آمدید کہتے ہوئے تمام مہمانوں کا ان کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘ بانی یو اے ای نے پاک یو اے ای دوستی کی بنیاد رکھی تھی، اس بنیاد کو مضبوط بنانا ہم سب کا فرض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان میں ایک طویل عرصہ گزارا ہے ، یہاں کے لوگوں سے ملنے والی محبّت اور عزّت نے کبھی وطن اور اہل خانہ سے دوری کا احساس نہیں ہونے دیا۔ بخیت عتیق الرومیتی نے بتایا کہ ان شا اللہ سندھ حکومت کے تعاون سے بہت جلد سیلاب متاثرین کیلئے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کر نے جارہے ہیں۔