سوات(بیورورپورٹ)سوات میں دریائے سوات میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کے بعد پانی بحرین بازارمیں داخل ہوگیا،سیکڑوں سیاح اورپنجاب سے ہجرت سے واپس آنے والے خاندان پھنس گئے۔ ہزاروں آبادی کو آمدرورفت میں بھی مشکلات کاسامنا ہے۔ 26اگست 2022کے سیلاب کے دوران کالام روڈ پر بحرین کے مقام پر رابطہ پل بہہ جانے کے بعد پاک آرمی کے انجینئرنگ کور نے سٹیل بریج نصب کرکے رابطہ بحال کردیا تاہم گرمی کی شدت پر برف پگھلتے ہی دریائے سوات کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے اورپانی بحرین کے مین بازارمیں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث کالام روڈ چھوٹی گاڑیوں کے لئے بند ہوگیا ہے اوربڑی گاڑیاں بمشکل یہاں سے گزررہی ہیں۔ دریائے سوات کا پانی بازارکی دکانوں اورہوٹلوں میں داخل ہونے سے کروڑوں روپے کا نقصان بھی ہوا ہے۔ گزشتہ چھ روز سے روڈ کی مسلسل بندش کی وجہ سے کالام اور بحرین میں سیکڑوں سیاح پھنس چکے ہیں جبکہ پنجاب سے گرمیوں میں واپس گھروں کو جانے والے خاندان بھی پھنس چکے ہیں، کالام سمیت دیگر بالائی علاقوں کی ہزاروں آبادبھی محصور ہوکر رہی گئی ہے لیکن انتظامیہ نے لمبی تان کر سوگئی ہے جس پر لوگوں نے شدیدردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔