لاہور(اُمت نیوز)سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔ لیگی رہنما مریم نواز نے دوست محمد مزاری کو پارٹی میں خوش آمدید کہا، آپ کے آنے سے جنوبی پنجاب میں ن لیگ مزید مضبوط ہوگی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی دوست محمد مزاری اور سابق صوبائی وزیر ملک محمد آصف بھا نے ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ لائق تحسین ہیں کہ فتنے کی آئین شکنی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، دوست مزاری نے آئین شکنوں کی فسطائیت اور جبر کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ دوست مزاری اور ملک محمد آصف بھا نے مریم نواز شریف کی آئین، جمہوریت اور عوام کے لئے جرات مندانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔