پاکستانی بلے باز اور یارکشائر کاؤنٹی کلب کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ یارکشائر جیسے بڑے کلب کی کپتانی کرنا اعزاز کی بات ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ یارکشائر کلب سے تین پاکستانی کپتان اور سچن ٹنڈولکر جیسے عظیم کرکٹرز کھیل چکے ہیں۔
شان مسعود نے کہا کہ بطور کپتان کوشش ہے کہ اس ذمہ داری کو انجوائے کروں اور ٹیم کو آگے لے کر جاؤں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیزن کا آغاز اچھا نہیں ہوا، شروع میں آتا تو ایڈجسٹ ہونے میں وقت نہ لگتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کھلاڑیوں کی انفرادی اور بطور ٹیم پرفارمنس میں بہتری کی ضرورت ہے۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ بلاسٹ میں پہلے میچ میں شکست کے بعد کوشش ہے کہ اگلے میچ میں بہتر پرفارم کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد لیگ اسپنر جعفر چوہان کی شکل میں زبردست بولر سامنے آیا ہے۔
ٹیم کی تبدیلی سے متعلق شان مسعود نے کہا کہ ڈربی شائر چھوڑ کر یارکشائر جانے کا فیصلہ مکی آرتھر کو اعتماد میں لے کر کیا تھا۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ کرکٹ اور اسپورٹس کی سب سے بڑی خوبی بلاتفریق رنگ و مذہب ایک دوسرے کو قریب لانا ہے۔
شادی سے متعلق سوال کے جواب میں شان مسعود نے کہا کہ شادی کے بعد زندگی میں بڑی خوشگوار تبدیلیاں آئی ہیں، خوش قسمتی ہے کہ جیسی لائف پارٹنر کی خواہش تھی ویسی ہی ملی۔