علی رضاعنایتی سعودی عرب میں ایران کے نئے سفیرمقرر

 

ایران (اُمت نیوز)ایران نے خلیجی امور کا وسیع تجربہ رکھنے والے تجربہ کار سفارت کار علی رضا عنایتی کو سعودی عرب میں اپنا نیا سفیر مقرر کیا ہے۔
ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق علی رضا عنایتی الریاض میں نئے سفیر ہوں گے۔ وہ اس سے قبل 2014ء سے 2019ء تک کویت میں تہران کے سفیر رہے تھے۔
سفیر کے عہدے پر تعینات ہونے سے قبل وہ ایران کی وزارتِ خارجہ میں خلیجی امور کے ڈائریکٹر جنرل تھے۔2019ء میں انھیں دوبارہ اس عہدے پرفائز کیا گیا تھا اور وہ تب سے اسی عہدے پر کام کررہے ہیں۔
سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں چین کی ثالثی میں سات سال کے بعد دوطرفہ سفارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس ضمن میں ان کے درمیان ایک سہ فریقی معاہدہ طے پایا تھا۔
اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے دارالحکومتوں اور شہروں میں اپنے اپنے سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے اور 20 سال قبل دست خط شدہ سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد پراتفاق کیا تھا۔