اسلام آباد (امت نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ لوگ پارٹی چھوڑکر نہیں جارہے بلکہ کنپٹی پر بندوق رکھ کر چھڑوائی جارہی ہے۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں غیر رسمی گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اس طرح کبھی پارٹیاں ختم نہیں ہوتیں، پارٹی اس طرح ختم ہوتی ہے جیسے پی ڈی ایم ختم ہورہی ہے۔ جس طرح پی ڈی ایم کا ووٹ بینک ختم ہو رہا ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میں صرف کارکنان اور خواتین کے لیےپریشان ہوں، جس طرح کارکنان اور خواتین کےساتھ سلوک کیا جارہا ہےاس پر پریشان ہوں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹویٹر سپیس پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ کہا جا رہا ہے میری جماعت نے کور کمانڈر کا گھر جلایا۔ دو تین چیزیں اور بتائی جا رہی ہیں ہماری پارٹی نے جلائی ہیں۔ اس حملے کی بھی انکوائری نہیں ہوئی۔ جلاؤ گھیراؤ جرم ہے، ریڈیو پاکستان یا کور کمانڈر ہاؤس جنھوں نے بھی جلایا وہ جرم ہے، لیکن پرامن احتجاج جرم نہیں ہے۔