راولپنڈی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے نیب آفس میں ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔
نجی ٹٰی وی کے مطابق190 ملین پاؤنڈ برطانوی کرائم ایجنسی تحقیقات کیس میں عمران خان نیب راولپنڈی آفس پیش ہوئے، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے عمران خان سے زبانی پوچھ گچھ کا عمل مکمل کیا۔
عمران خان سے نیب کی جانب سے پہلے بھجوائے گئے 20 سوالوں سے متعلق بھی پوچھا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق فیصلے کا ریکارڈ کابینہ ڈویژن کے پاس ہے، این سی اے برطانیہ کے ریکارڈ تک میری رسائی نہیں، القادر ٹرسٹ کا ریکارڈ نیب کو پہلے ہی مل چکا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان شامل تفتیش ہونے کیلیے نیب راولپنڈی آفس پیش ہو گئے، انہیں عقبی دروازے سے اندر لے جایا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ برطانوی کرائم ایجنسی تحقیقات کیس میں نیب نے عمران خان کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا تاہم بشریٰ بی بی کو آج طلب نہیں کیا گیا۔ انہیں ہدایت کی گئی تھی کہ وہ 20 سوالوں کے جواب کے ساتھ اپنے اثاثوں سے متعلق ریکارڈ ہمراہ لائیں۔
عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 190 ملین پاؤنڈ کی منتقلی کے ذریعے اختیارات سے تجاوز کر کے مالی فائدہ حاصل کیا۔ نیب نے اس کیس کی تفتیش کیلیے عمران خان کو طلبی کا دوسرا موقع فراہم کیا کہ وہ بتائیں کہ کابینہ سے سیلڈ لفافے کے ذریعے کیسے منظوری لی اور برطانیہ میں فریز کی گئی رقم جو ریاست پاکستان کی ملکیت تھی، ملزمان کے حوالے کر دی جبکہ ٹرسٹ کے نام پر ملزمان سے مالی فائدہ حاصل کرتے ہوئے جائیداد لی اور 28 کروڑ کے تحائف بھی وصول کیے۔