پولیس 9 مئی حملوں کی مبینہ مرکزی کردار خدیجہ شاہ کو پکڑنے میں ناکام

لاہور: جناح ہاؤس حملے میں ملوث خدیجہ شاہ کو گرفتار کرنے کیلیے پولیس کی جانب سے 3 مقامات پر چھاپے مارے گئے لیکن ان کا پتہ نہ چل سکا۔

جناح ہاؤس حملے میں ملوث مرکزی ملزمہ خدیجہ شاہ تاحال پولیس کے ہاتھ نہ آئی، ذرائع کے مطابق پولیس نے خدیجہ شاہ کو پکڑنے کیلیے گلبرگ کے 2 مقامات اور بحریہ ٹاؤن کے ایک گھر پر چھاپہ مارا لیکن ان کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خدیجہ شاہ نے مہر ترین کے گھر پر پناہ لی ہوئی تھی، لیکن وہ چھاپے سے ایک گھنٹہ قبل ہی وہاں سے فرار ہو گئی، اور وہ کسی دوست کی سم استعمال کر رہی ہے۔

دوسری جانب مہر ترین کا کہنا ہے فلیٹ سے جانے کے بعد خدیجہ شاہ سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کامران عادل کا کہنا ہے کہ خدیجہ شاہ کو جلد گرفتار کر لیں گے۔

واضح رہے کہ جناح ہاوس لاہور پر حملے کی مبینہ مرکزی ملزمہ خدیجہ شاہ 19 مئی کو بھی پولیس ٹیم کو چکمہ دے کر فرار ہوگئی تھی، ملزمہ کے فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی۔