ہنگو کے گیس پلانٹ پر دہشت گرد حملے میں 6 افراد شہید

ہنگو(اُمت نیوز)پولیس کے مطابق ہنگو کی تحصیل ٹل کے علاقے منجی خیل میں دہشتگرد نے نجی گیس کمپنی کے پلانٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے ایف سی اہلکاروں سمیت نجی کمپنی کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔پولیس کا بتانا ہےکہ حملے میں ایف سی کے 4 اہلکار شہید ہوئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق حملے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ۔ 50 کے قریب دہشت گردوں نے قدرتی گیس اور تیل کے جس پلانٹ پر حملہ کیا وہ پاکستان آئل اینڈ گیس کمپنی MOL کے زیر نگرانی کام کر رہا تھا۔ ایک پولیس اہلکارنے بتایا کہ یہ پلانٹ افغانستان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ تا حال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔پولیس نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے دو کنوؤں M-8 اور M-10 کو راکٹ سے چلنے والے گرینیڈ سمیت بھاری ہتھیاروں کے ساتھ نشانہ بنایا۔ پولیس اہلکار عرفان خان کا کہنا تھا کہ یم ایٹ پر سکیورٹی گارڈز نے دہشت گردوں کو پسپا کر دیا لیکن اس دہشت گردانہ کارروائی میں جانی نقصان M-10 پر ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ عسکریت پسندوں نے گیس پلانٹ پر شمسی توانائی کی ایک تنصیب کو بھی نقصان پہنچایا اور بعد ازاں اس علاقے سے فرار ہو گئے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ عسکریت پسند وزیرستان سے آئے تھے۔