ایران اور انڈونیشیا تجارت 20 ارب ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں

جکارتہ (امت نیوز) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ایران اور انڈونیشیا اپنی تجارت کی مالیت کو 20 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں اور زور دیا کہ دونوں ملک قومی کرنسیوں کے ذریعے ادائیگیوں کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ایرانی خبر رساں ادارے ’پریس ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق اعلیٰ سیاسی اور اقتصادی ایرانی وفد صدر کی سربراہی میں انڈونیشیا کے سرکاری دورے پر موجود ہے اور مقامی کرنسی میں تجارت کی بات ایرانی صدر نے اپنے انڈونیشین ہم منصب کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کی۔

ایرانی صدر نے کہا کہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے لیے مختلف دستاویزات پر دستخط سے تمام شعبوں میں تعلقات فروغ دینے کے فریقین کے عزم کا اعادہ ہوتا ہے۔

ابراہیم رئیسی اور ان کے ہم منصب کی موجودگی میں ایران اور انڈونیشیا کے اعلیٰ حکام نے ترجیحی تجارت، ویزوں، ثقافتی تبادلوں، ادویات سازی کی مصنوعات کی نگرانی، سائنس اور ٹیکنالوجی، تیل اور گیس کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے لیے 11 دستاویزات اور معاہدوں پر دستخط کیے۔ابراہیم رئیسی نے یہ بھی کہا کہ جابرانہ پابندیاں اور دباؤ ایران کی ترقی روکنے میں ناکام رہا ہے،

انہوں نے مسلم ممالک اور پڑوسی ریاستوں کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے تہران کے پختہ عزم کا بھی اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دباؤ اور جابرانہ پابندیوں کے باوجود ایرانی جوانوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی بہتری کے ساتھ ساتھ ملک کی معاشی ترقی کی جانب پیش قدمی میں کامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پابندیاں اور دھمکیاں کبھی بھی ایران کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوئیں۔