لاہور(امت نیوز) گزشتہ روز فیاض الحسن چوہان تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کر رہے تھے کہ اس دوران ایک صحافی نے سب کے سامنے انکا پول کھولتے ہوئے انکی کیمروں کے پیچھے کی جانے والی گفتگو سب کے سامنے رکھ دی۔ جس پر فیاض الحسن چوہان بھی کھسیانی ہنسی ہنستے رہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سابق رہنما نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر ملک کے 24 کروڑ عوام دکھی ہیں ، اس پر میں بھی دکھی ہوا ہوں، پاکستان کی خدمت کرتا رہوں گا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 14 مئی کو زوم میٹنگ میں بیرونی ایجنڈے کو پروان چڑھانے کی کوشش کی، 70 امریکی کانگریس ارکان کا لابی کرنے کا معلوم ہوا تو دھچکا لگا، فوج اور پاکستان سے محبت آج نہیں ہمیشہ سے تھی اور ہے۔
فیاض چوہان نے مزید اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیاست نہیں صرف پی ٹی آئی چھوڑ رہا ہوں، صوبے شہر اور پاکستان کی خدمت جاری رکھوں گا۔
اس دوران ایک صحافی نے فیاض الحسن چوہان سے سوال کرتے ہوا کہ آپ پریس کانفرنس میں تحریکِ انصاف کو چھوڑنے کی کچھ اور کہانی سنا رہے ہیں لیکن جب ہم آپ کے ساتھ باہر بیٹھے تھے تو تب آپ نے بتایا کہ میں پولیس کے تشدد کی وجہ سے تحریک انصاف چھوڑنے پر مجبور ہوا ہوں لیکن یہاں کہہ رہے ہیں کہ میں ملک کی محبت میں تحریکِ انصاف چھوڑ رہا ہوں .
صحافی نے مزید کہا کہ آپ آف کیمرا کچھ اور کہانی سناتے ہیں اور آن کیمرا کچھ اور ۔ صحافی کی اس تنقید پر پورا ہال قہقہوں کی آواز سے گونج اٹھا۔