پولیس نے کور کمانڈر ہاﺅس کی مبینہ مرکز ی ملزمہ خدیجہ شاہ کوانسداد دہشتگردی عدالت کے روبرو پیش کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق خدیجہ شاہ کو چہرہ ڈھانپ کر کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا،عدالت نے ملزمہ کو کمرہ عدالت میں شوہر جہانزیب امین سے ملاقات کی اجازت بھی دیدی ۔ خدیجہ شاہ عدالت کے بعد دو گھنٹے قیدی وین میں بیٹھیں رہیں ،تفتیشی افسر کے آنے پر انہیں عدالت میں پیش کیا گیا ۔
قیدیوں کی وین میں خدیجہ شاہ کی طبیعت خراب ہونے لگی
قبل ازیں لاہور کور کمانڈر ہاﺅس میں حملے کی مبینہ مرکزی ملزم خدیجہ شاہ پچھلے دو گھنٹے سے عدالت کے باہر قیدیوں کی وین میں موجود ہیں جہاں انہوں نے پولیس اہلکار کو بتایا کہ میری طبیعت خراب ہو رہی ہے ۔
خدیجہ شاہ کو آج عدالت میں پیش کیاجاناہے جس کیلیے وہ قیدیوں کی وین میں عدالت کے باہر دو گھنٹے سے موجود ہیں، خدیجہ شاہ نے پولیس اہلکار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری طبیعت خراب ہو رہی ہے ، میں دمے کی مریضہ ہوں گرمی بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے سانس لینے میں مشکلات ہیں، عدالت میں پیش کیا جائے ۔
پولیس اہلکار نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے کیس کے تفتیشی افسر لاہور ہائیکورٹ میں مصروف ہیں ، جیسے ہی آئیں گے آپ کو عدالت میں پیش کر دیا جائے گا، گاڑیوں کو چھاﺅں میں کھڑی کر دیتے ہیں ۔