اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرعلی ظفر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگائی گئی توعدالت ایک ہی دن میں کالعدم قرار دیدےگی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ توڑ پھوڑ انفرادی عمل ہے، اس بنیاد پر کسی جماعت پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی، ماضی میں جماعت اسلامی پرپابندی لگانے کی کوشش کی گئی تھی، ماضی میں سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ آپ کسی سیاسی جماعت پرپابندی نہیں لگاسکتے۔
سینیٹر علی ظفرکا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتشار پھیلانے والی جماعت سے متعلق مختلف قوانین ہیں، اگر پی ٹی آئی پرپابندی لگائی گئی تو امید ہے سپریم کورٹ ایک ہی دن میں کالعدم قرار دےگی۔
ان کاکہناتھاکہ قوانین پرکوئی عمل درآمد نہیں ہو رہا، عدالتیں ضمانت دیتی ہیں، جیل سے نکلتے ہی دوسرے مقدمے میں گرفتار کرلیا جاتا ہے ، یہ لاقانونیت ہے، اس پر پٹیشن فائل کر رہے ہیں، عدالت ایکشن لےگی۔
انہوں نے کہاکہ آئین کہتا ہے کہ اگر پارلیمنٹ آئین کے خلاف قانون بنائےگی تو عدالت کالعدم قرار دے سکتی ہے، سپریم کورٹ نے کہا ہے تحمل سے سن رہے ہیں آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کریں گے۔