سوات(بیورورپورٹ)سوات کے علاقے بنجوٹ کی پہاڑی دوشے میں غارمیں پناہ لینے والے مسلح افراد رات کو ہی غائب ہوگئے۔ امن کمیٹی کے سابق رکن جمدالی خان کی لاش کو صبح اٹھاکر پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا، سی ٹی ڈی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ گزشتہ روز دوشے کی پہاڑی میں تین سے چار مسلح افراد کی موجودگی پر مقامی افراد نے مزاحمت کی تو اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں امن کمیٹی کے سابق رکن جمدالی خان فائرنگ کا نشانہ بن کرجاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد مقامی افراد نے پہاڑی کا محاصرہ کرلیا جبکہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے بھی موقع پر پہنچ کرعلاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ مسلح افراد غار میں موجود رہیں۔ ڈی آئی جی ملاکنڈڈویڑن ناصرمحمودستی نے بتایا کہ رات بھر محاصرہ جاری رہا اور پولیس نے پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے صبح سویرے غار تک پہنچ گئی لیکن وہ نکل چکے تھے۔جمدالی خان کی لاش کو بھی اٹھاکر اسپتال منتقل کردیا گیا،اس واقعے میں ایک پولیس اہلکار وقار بھی زخمی ہواہے، پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔پولیس کے مطابق تھانہ سی ٹی ڈی کبل میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔