ویسٹ انڈیز(اُمت نیوز)آئی سی سی نے ویسٹ انڈیز کے بلے باز ڈیون تھامس کو میچ فکسنگ کے الزام میں عارضی طور پر معطل کردیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے منگل کو اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ ڈیون تھامس کو 2021ء میں لنکا پریمیئر لیگ سمیت دیگر ٹورنامنٹس کے دوران مبینہ طور پر میچ فکسنگ کے الزامات کا سامنا ہے جس کی تحقیقات میں انٹی کرپشن حکام کے ساتھ تعاون نہیں کررہے۔
آئی سی سی نے ڈیون تھامس پر سات الزامات لگائے ہیں جن میں یہ الزامات بھی شامل ہیں کہ انہوں نے کھیل کے نتائج میں دھاندلی کی کوشش کی اور شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ یا اسے ختم کرکے تحقیقات میں رکاوٹ ڈالی۔ یہ بھی پڑھیے: لنکا پریمیئر لیگ میں تین پاکستانی کھلاڑیوں کا نیلامی سے قبل ہی معاہدہ آئی سی سی کے مطابق ڈیون تھامس نے 2021ء میں ابوظہبی ٹی 10 اور کیریبین پریمیئر لیگ کے دوران بھی اُن سے رابطہ کرنے والے بدعنوان عناصر کی اطلاع متعلقہ حکام کو نہیں دی۔ ان سنگین الزامات کا جواب دینے کیلئے ڈیون تھامس کو 14 دن کی مہلت دی گئی ہے، ویسٹ انڈیز کے ٹاپ آڈر بیٹسمین 21 ون ڈے، 12 ٹی ٹوئنٹی اور ایک ٹیسٹ میچ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ یاد رہے کہ ڈیون تھامس کو دبئی میں 4 جون سے شروع ہونے والی متحدہ عرب امارات کیخلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کیلئے بھی ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔