اسلام آباد: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اسکولوں کے بچوں سے غیر رسمی ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پاک فوج شہدا کے تمام بچوں کی وارث ہے۔
یوم تکریم شہدا کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اسکول کے بچوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاک فوج شہدا کے تمام بچوں کی وارث ہے، ہمارا رشتہ مثالی اور ہمیشہ قائم رہنے والا ہے، پاک فوج شہدا کے بچوں کیساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ آرمی چیف نے اس موقع پراسکولوں کے طلبا اور شہدا کے بچوں کے سروں پر دست شفقت رکھا۔
یوم تکریم شہدا کے موقع پر آج ملک بھر میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے تقریبات جاری ہیں، اس حوالے سے مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں یادگارشہدا پر ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔