نئی دہلی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں باپ کو قتل کرنے کیلیے بیٹی نے کرائے کے قاتل کی خدمات حاصل کر لیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے 35 سالہ پریا نامی خاتون کو گرفتار کر لیا ہے جس نے اپنے ہی باپ کو قتل کروانے کیلیے کرائے کے قاتلوں کی خدمات حاصل کی تھیں۔
پولیس کے مطابق مہاراشٹرا کے علاقے ناگپور میں تین نقاب پوش ملزمان نے 60 سالہ دلیپ راجیشور کو اس کے پیٹرول پمپ پر چاکوؤں کے 15 وار کر کے ہلاک کر دیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ تینوں نقاب پوش ملزمان کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا گیا تھا دوران تفتیش انہوں نے پولیس کو بتایا کہ انہیں قتل کیلیے پریانامی خاتون نے پیسے دیے تھے۔
پولیس کے مطابق پریا نامی خاتون غیر ازدواجی تعلقات سے روکنے پر والدہ سمیت گھر والوں پر تشدد کرنے کے باعث اپنے والد کو قتل کروانا چاہتی تھی، اس کام کیلیے اس نے تینوں ملزمان کو پانچ لاکھ روپے ادا کیے تھے۔