ملتان: پاکستان تحریک انصاف حقیقی کے قیام کا اعلان کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی حقیقی کے چیئرمین راؤ یاسر نے ملتان میں پریس کانفرنس میں نئی جماعت کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حقیقی کا نشان الاٹ کرا کے انتخابی مہم کا اعلان کروں گا، کارکنان کی رجسٹریشن بھی جلد شروع ہو گی۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے نوجوانوں کو صرف خواب دکھائے،ان کو بہکا کر حساس اداروں پر حملے کرائے گئے،عمران خان کے غلط فیصلوں نے ملک کو نازک موڑ پر لا کھڑا کیا۔ہمارے پلیٹ فارم سے نوجوان قیادت پارلیمنٹ میں جائے گی اورصحیح معنوں میں ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جیلوں میں بے گناہ افراد کیلیے مہم چلاؤں گا، راؤ یاسر نے پی ٹی آئی کے اسیر کارکنان کو اپنی جماعت میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔
انہوں نے 9 مئی کے روز ہونے والے جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کی شدید مذمت کی اور پریس کانفرنس کے اختتام پر پاک فوج زندہ باد کا نعرہ بھی بلند کیا۔