پشاور:وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ریڈیو پشاور کے ملازمیں کو اپریل اور مئی کی تنخواہوں کی فی الفور ادائیگی کا اعلان کرتا ہوں، 48 گھنٹوں میں وزارت اطلاعات کے ذریعے مئی کی تنخواہ مل جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچے جہاں انہوں نے ریڈیو پاکستان پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی تاریخی عمارت پر حملے سے ہم سب دکھی ہیں، یہ وہ تاریخی عمارت ہے جس میں پاکستان بننے سے قبل ریڈیو کا نظام موجود تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسی عمارت سے 14 اگست 1947 کو آزادی کی صدائیں بلند ہوئیں، ریڈیو پاکستان پشاور نے ہی مملکت خداداد کی آزادی کا اعلان کیا، 9 اور 10 مئی کو دلخراش واقعات نے پاکستانی عوام کو رنجیدہ کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تاریخی اور قومی ورثے کو جلا دینا کہاں کی حب الوطنی ہے؟ چاغی کی یادگار کو بھی راکھ بنا دیا گیا، قومیں اپنی تاریخی ورثے اور شناخت کی حفاظت کرتی ہیں، یہاں جلا دیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کوقانون وآئین کے مطابق سزا ملے گی
ان کا مزید کہنا تھا کہ 100 سال کے ریکارڈ اور تاریخی ورثے کو تباہ کر دیا گیا، جن لوگوں نے یہ کام کیا ہے ان میں اور دہشت گردوں میں کوئی فرق نہیں، آج عہد کرتے ہیں کہ آئندہ ایسی جرات کوئی نہ کر سکے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے حوصلے کو داد دیتا ہوں، فنڈز 48 گھنٹوں میں فراہم کر دیے جائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپریل اور مئی کی تنخواہوں کی فی الفور ادائیگی کا اعلان کرتا ہوں، 48 گھنٹوں میں وزارت اطلاعات کے ذریعے مئی کی تنخواہ مل جائے گی۔
تقریب میں وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، گورنر خیبرپختونخوا غلام علی اور نگران وزیرِ اعلیٰ کے پی محمد اعظم خان بھی موجود تھے۔