سندھ مدرسہ یونیورسٹی،تعلیمی وانتظامی امورکی منظوری

کراچی (امت نیوز )سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا 28 واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقدکیاگیا۔صدارت وائس چانسلرڈاکٹر مجیب صحرائی نےکی۔ سنڈیکیٹ میں تعلیمی اورانتظامی امور سے متعلق منٹس کی منظوری دی گئی۔ جو پہلے مختلف اجلاس میں منظورکیےگئے تھے۔ایس ایم آئی یو سنڈیکیٹ نےمتفقہ طور پر ایک قراردادمنظورکرتے ہوئے مورخ اور محقق گل حسن کلمتی کو خراج عقیدت پیش کیا جو 17 مئی 2023 کوانتقال کرگئے تھے۔ قرارداد میں کہاگیا کہ کلمتی نے اپنے تحقیقی کام کے ذریعے تاریخ کےحوالےسےخاص طور پر کراچی شہر، اس کی ماضی کی اہم شخصیات، اس کی پرانی اور تاریخی عمارت اور اس کے پڑوسی علاقوں جیسےکوہستان اور لاس بیلا کےحوالے سے بہت اہم کرداراداکیا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ گل حسن کلمتی کاایس ایم آرٹس کالج میں تعلیم کے دنوں سے ہی سندھ مدرستہ الاسلام سےگہرا تعلق تھا۔ انہوں نے سندھ مدرستہ الاسلام پر ایک قیمتی موادلکھا ہے جو ان کی کتاب ”کراچی: سندھ جی ماروی” میں شامل ہے جس کا انگریزی میں ترجمہ ڈاکٹر امجد سراج میمن نے ”کراچی: گلوری آف دی ایسٹ” کےعنوان سے کیاہے۔سنڈیکیٹ نے فیصلہ کیا کہ اگر اس کے ورثاء اس کی کتابیں فراہم کریں گے تو ایس ایم آئی یو میں ان کے نام کے ساتھ ایک کارنر قائم کیاجائے گا۔وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے ایس ایم آئی یو کاجائزہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نے حال ہی میں ایک کامیاب گلوبل ریسرچ کانگریس کاانعقادکیا ہے اور آنے والے دنوں میں اس طرح کی دیگر بین الاقوامی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نےکہا کہ ایس ایم آئی یو معیاری تعلیم اور تحقیقی کام پر زور دے رہا ہے اور ان نوجوان محققین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جو ایسے موضوعات پر تحقیق کریں گے جس سے معاشرے کو فائدہ ہو گا۔ڈاکٹر مجیب صحرائی کے علاوہ دیگر سنڈیکیٹ ممبران جنہوں نے اجلاس میں شرکت کی ان میں ڈاکٹر اے کیومغل،ڈاکٹر جمشیدعادل ہالیپوٹو، ڈاکٹر ملوک رند،ڈاکٹرعنبرین فضل،آصف حسین سموں،ڈاکٹرعامر اقبال عمرانی،غلام مصطفیٰ شیخ، قرات العین نذیراحمد، مشتاق احمد گوپانگ اورنعیم احمد شامل تھے۔