میئر کراچی پیپلز پارٹی کا جیالا ہی ہوگا، سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی اور جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری نے جمعیت علمائے اسلام سندھ کے صدر علامہ راشد محمود سومرو سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ، کراچی میں ٹائونز اور کے ایم سی کی سطح پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ جس طرح جمعیت علماء اسلام نے کراچی کے مختلف ٹائون میں پیپلز پارٹی کے ساتھ نہ صرف مکمل تعاون کیا بلکہ کئی یوسیز پر پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے ساتھ الیکشن بھی لڑا ہے اسی طرح اب مئیر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات میں بھی جے یو آئی اپنا بھرپور ساتھ دے۔ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت پاکستان پیپلز پارٹی اس شہر کی سنگل لارجر پارٹی ہے اور یہ ہمارا حق ہے کہ ہم آپ مئیر لائیں۔ سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے پی ٹی آئی کی سپورٹ کے ہونے اور خود حافظ نعیم الرحمان کا ازخود مئیر بن جانے پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہو اس شہر کا مئیر جیالا ہی ہوگا اور اس میں جے یو آئی کی مکمل سپورٹ ہوگی۔ علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کا اصولی موقف بالکل واضح ہے کہ جس طرح ہم نے بلدیاتی انتخابات میں نہ صرف کراچی بلکہ سندھ بھر میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا ہے یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ضلع غربی میں ضلع کی سطح پر جے یو آئی اور پی پی پی کا یوسی کی سطح پر اتحاد ہوا ہے اور انشاءاللہ اب ٹائون میں بھی ہم ساتھ ہوں گے۔