شہداء ہمارا فخر، پوری قوم ان کی معترف ہے، ڈی جی اے ایس ایف

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اے ایس ایف ہیڈ کوارٹرز کراچی میں یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی ،اس موقع پر 25مئی کو تکریم شہدائے پاکستان کا دن اے ایس ایف ہیڈکوارٹرز سمیت فورس کے تمام یونٹس میں انہتائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور ملکی استحکام کے لیے دعاؤں سے ہوا۔ اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ملک بھر کے تمام ائیرپورٹس پروقار فورس ممبران کو شہداء کی لازوال قربانیوں سے آگاہی دی گئی۔

تقاریب میں چیف سیکیوریٹی آفیسرز اور آفیسرز کمانڈنگز نے اس دن کی مناسبت سے ڈائریکٹر جنرل کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس ضمن میں مرکزی تقریب اے ایس ایف ہیڈ کوارٹرز کراچی میں منعقد ہوئی۔ ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ بعد ازاں تقریب میں شہدا پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد ہلالِ امتیاز (ملٹری ) نے اپنے پیغام میں کہا کہ مادر وطن کی خاطر جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا. انہوں نے اعادہ کیا کہ شہید ہمارا فخر ہیں اور شہیدوں کے خون سے وفا کا تقاضا ہے کہ ہم دشمن کو ایک آواز سے یہ پیغام دیں کہ ساری قوم شہدا وطن کی عظمتوں کی معترف ہے اور جب کبھی بھی ملک کے دفاع اور بقاء کی بات ہوگی ساری غیور قوم پاکستان کی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔

اے ایس ایف نے ۱۴ جون ۲۰۱۴ کو جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اس جزبے کو ثابت کیا – ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے مذید کہا کہ مادروطن کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا اور اے ایس ایف پاکستان کی تمام فورسز کے شہداء خصوصا پاک فوج کے شہداء کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہے۔