جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ نے بھی پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا

اسلام آباد (امت نیوز) جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ نے بھی پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا۔ تفصیلات کے مطابق  اسلام آباد میں مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 13 ماہ میں جو بیانیہ بنا اس میں سینئر قیادت اور عمران خان شامل ہیں۔ اس بیانیہ کی وجہ سے جو فضا بنی اس کی انتہا 9 مئی کے واقعات بنے۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جناح ہاؤس پر حملے کا منصوبہ کسی کا نہیں تھا، صرف احتجاج کا منصوبہ تھا۔ ہم بھی ہجوم کو کنٹرول نہ کرسکے اور پرامن احتجاج نہ ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم 9 مئی کے واقعات کو روکنے میں ناکام رہے، ہم اپنی اسی ناکامی کو قبول کرتے ہیں۔ احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ ہوا جو غلط تھا۔

خیال رہے کہ جمشید چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔