فائل فوٹو
فائل فوٹو

پی ٹی آئی نے بلدیات کی مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی کی جانب سے کراچی میٹرو پولیٹن کی تمام مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے گئے۔ ڈی سی ساؤتھ آفس سے تحریک انصاف کا وائس چیئرمین گرفتار کرلیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق کوٹے کے تحت پی ٹی آئی کے پاس 13 خواتین، 2 مزدور، 2 نوجوان اور 2 اقلیت کی نشستیں حاصل ہیں،پی ٹی آئی کی جانب سے میٹرو پولیٹن میں 15 خواتین، 3 نوجوان، 4 لیبر اور 4 اقلیت کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کی اسکروٹنی کا عمل آج سے شروع ہوچکا ہے،جبکہ مختلف ٹاؤن میونسپل کارپوریشن میں پی ٹی آئی نے امیدواروں نے کوٹے کے مطابق مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے،ٹی ایم سی میں 23 خواتین، 5 نوجوان، 4 اقلیت، 4 لیبر اور 3 معذور کی نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں .

دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی نے سندھ حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی کےخلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، ترجمان نے بتایا کہ یوسی 01 صدر ٹاؤن گھانچی پاڑہ سے وائس چیئرمین مرتضیٰ کو پولیس نے حراست میں لے لیا،ٹاؤن کی مخصوص نشستوں پر آج اسکروٹنی کا عمل جاری تھا کہ ڈی سی آفس ساؤتھ سے منتخب وائس چیئرمین کو حراست میں لیا گیا، ترجمان نے کہا کہ سندھ حکومت مخصوص نشستوں کے عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے،سازش کے ذریعے پی ٹی آئی کی نشستیں کم کر کے ٹی ایم سی چیئرمین لانا چاہتی ہے،اس وقت ڈی سی آفس ساؤتھ پیپلز پارٹی کا دفتر بنا ہوا ہے،ڈی سی آفس کے باہر پہلے سے پولیس موبائل موجود ہیں۔ہمارے امیدواروں کو اسکروٹنی سے روکا جارہا ہے۔