کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے سعودآباد کرائم سین یونٹ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر اے ڈی آئی جی کرائم، ایس ایس پی ملیر، ایس پی ہیڈ کوارٹرز، ڈی ایس پی کرائم سین یونٹ و دیگر افسران نے شرکت کی۔
اے ڈی آئی جی عمران شوکت نے کرائم سین یونٹ کے حوالے سے کراچی پولیس چیف کو بریفنگ میں بتایا کہ کراچی میں کرائم سین یونٹ کے 25 آفس (یونٹس) مختلف اضلاع میں چوبیس گھنٹے کام کررہے ہیں اور ہر یونٹ میں 12 سے 14 پولیس کے تربیت یافتہ جوان ڈیوٹی پر مامور ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کرائم سین یونٹ کا بنیادی مقصد موقع سے شواہد کو محفوظ بنانا اور تفیشی افسران کو ملزمان تک رسائی میں ممکن بنانا اور عدالت میں ملزمان کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر سزا دلوانا ہے۔
تقریب میں پولیس چیف نے کرائم سین سے متعلق جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ 8 گاڑیوں کا جائزہ لیا اور افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں،بعد ازاں پولیس چیف نے کراچی کے ہر ڈسٹرکٹ کو ایک ایک گاڑی فراہم کی تاکہ کرائم سین کو بروقت محفوظ بنا کر تفتیش میں جدت اور بہتری لائی جا سکے ۔تقریب کے اختتام پر پولیس چیف کو گلدستہ پیش کیا گیا۔