تہران(نیٹ نیوز) ایران نے لانگ رینج بیلسٹک میزائل “خیبر” کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے 2 ہزار کلو میٹر تک مار کرنے والے جدید ترین لانگ رینج بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ یہ میزائل 1500 کلو گرام وار ہیڈ لے جانے کی طاقت بھی رکھتا ہے۔
ایرانی وزیر دفاع محمد رضا اشتیانی نے کہا کہ میزائل کا تجربہ دوستوں کے لیے پیغام ہے کہ ہم خطے میں استحکام کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ امریکہ اور یورپی ممالک کی مخالفت کے باوجود اپنے دفاعی میزائل پروگرام کو مزید ترقی دے گا۔ دوسری جانب امریکہ، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے ایران کے لانگ رینج میزائل تجربے کی شدید مذمت کی گئی۔
امریکہ نے کہا کہ ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کی تیاری علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران کے پاس ایسے میزائل موجود ہیں جو اسرائیلی اور امریکی اڈوں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسرائیل کی مسلح افواج کے سربراہ کی جانب سے ایران کے جوہری پروگرام پر کارروائی کے امکان کے 2 روز بعد ہی میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا گیا۔