اردن(اُمت نیوز)اردن کی وزارت خارجہ نے آج جمعہ کو کہا ہے کہ سوڈانی دارالحکومت خرطوم میں مملکت کے سفیر کے گھر پر حملہ کیا گیا ہے اور وہاں پر توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔
وزارت خارجہ نے پورٹ سوڈان کے شہر میں سفیر اور سفارت خانے کے عملے کی موجودگی کی تصدیق کی اورکہا کہ ان میں سے کسی کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت تشدد اور توڑ پھوڑ کی ہر طرح کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے سوڈانی فریقین سے سفارت خانوں اور سفارتی عملے کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ملک میں سفارتی عملے کو بین الاقوامی قوانین کے تحت تحفظ حاصل ہوتا ہے اور سوڈان میں اردن کے سفارتی عملے کو عالمی قانون کے تحت تحفظ ملنا چاہیے۔
سوڈانی فوج اور سریع الحرکت فورسز کے نمائندوں نے گذشتہ ہفتے سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ جنگ بندی کے اس معاہدے میں سعودی عرب اور امریکا نے ثالثی کا کردار ادا کیا تھا۔ معاہدے کے تحت دونوں فریقین نے سات روز کے لیے لڑائی روکنے اور انسانی امدادی سرگرمیاں بحال کرنے پر اتفاق کیا تھا۔