کراچی(اسٹاف رپورٹر) جہانگیر آباد میں 5 غیر قانونی ہائیڈرنٹس کا کے الیکٹرک نے پول کھول دیا ، بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران پانی کے غیر قانونی سسٹم میں نصب بجلی کے کنڈے کا نظام اکھاڑدیا گیا ، واٹر بورڈ کا عملہ کے الیکٹرک آپریشن کے بعد کارروائی کے لیے روانہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز جہانگیر آباد کے علاقے میں بجلی کے غیر قانونی استعمال پر کے الیکٹرک عملے نے کارروائی کرتے بد نام زمانہ منشیات فروش سیف اللہ کے اڈے کے عقب میں قائم 5 غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف آپریشن کیا ، آپریشن بجلی کی بڑے پیمانے پر چوری ہونے کی شکایت پر کیا گیا ، ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ جہانگیر آباد میں واقع پانی کے 5 غیرقانونی ہائیڈرینٹس کے خلاف کارروائی کی اور بجلی کی چوری کے لیے استعمال کیا جانے والا 50 ایم ایم کے 120کلوگرام کے کیبلز کے ساتھ 5 الیکٹریکل پینل اور 5 سرکٹ بریکرز ہٹا ئے گئے ۔
ترجمان نے بتایاکہ مذکورہ علاقے میں نقصانات کی شرح 80 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے باعث وہاں صارفین کو 10 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ ترجمان کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر کنڈوں کے خلاف مہم چلاتے ہیں اور ہزاروں غیرقانونی کنکشنز ہٹاتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے ہٹائے جانے کے چند گھنٹے بعد ہی کنڈے دوبارہ لگ جاتے ہیں۔کے الیکٹرک کنڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے گا اور ایسے قانون شکن لوگوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا۔ کے۔ الیکٹرک شہر کے مختلف علاقوں میں سہولت کیمپس بھی لگاتی ہے۔
تاکہ بلوں کی بروقت اور باقاعدہ ادائیگی کا رجحان پیدا ہو سکے جس کے باعث لوڈشیڈنگ کے دورانئے میں کمی آسکتی ہے، دوسری جانب غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی پر مامور اینٹی تھیفٹ سیل کی ٹیمیں کے الیکٹرک کی جانب سے خبر جاری ہونے کے بعد مذکورہ ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی کیلئے روانہ ہوئیں ، واٹر بورڈ کے ایک افسر نے بتایا کہ مذکورہ ہائیڈرنٹ واٹر ٹینکر کے نہیں بلکہ سوزوکی والے ہیں جو پمپنگ کی لائن سے پانی چوری کرکے فروخت کرتے ہیں ، افسر کے مطابق شہر میں ایسے چھوٹے چھوٹے ہائیڈرنٹس کی بھرمار ہے جن کے خلاف کراچی کی سطح کا ایک بڑ ا آپریشن ناگزیر ہوگیا ہے ۔
امت کو اینٹی تھیفٹ سیل کے انچارج سپرنٹنڈنگ انجینئر تابش رضا حسنین نے بتایا کہ کے الیکٹرک نے جس ایریا میں کارروائی کی ہے وہاں قائم غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو اکھاڑ پھینکا جائے گا اور پانی کی غیر قانونی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ کے اینٹی تھیفٹ سیل کے افسران کارروائی کیلئے روانہ کردیئے گئے ہیں ۔