جناح اسپتال کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی انتقال کرگئیں

کراچی (امت نیوز) جناح اسپتال کراچی کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل ڈاکٹر سیمی جمالی طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملیں۔ڈاکٹر سیمی جمالی گزشتہ تقریبا ً ڈھائی سال سے آنتوں کے کینسر میں مبتلا تھیں، انہیں گزشتہ دنوں طبیعت خراب ہونے پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ان کے کزن نے آج نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کر گئیں ہیں۔ مرحوم کی نماز جنازہ کل بروز اتوار بعد نماز عصر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کالج (جے پی ایم سی) مسجد میں ادا کی جائے گی۔

جناح اسپتال کی سابقہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ڈاکٹر سیمی جمالی نے صحت کے شعبہ میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ جس پر انھیں تمغہ ٔ امتیاز اور پاک فوج کی جانب سے اعزازی لیفٹیننٹ کرنل کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

آئرن، بُلٹ، بم پروف لیڈی اور خطروں کی کھلاڑی کے نام سے پکاری جانے والی ڈاکٹر سیمی جمالی نے میڈیکل کی دنیا میں اپنی خدمات سے بڑا نام کمایا۔

جناح اسپتال کی سابقہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بہادری، دلیری اور ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صحت کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دیں ،ان کی خدمات کو نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ِممالک بھی سراہا جاتا رہا۔ 1988 میں ای آر (ER) ڈیپارٹمنٹ میں خدمات انجام دینے کا آغاز کیا۔

جدید ترین سہولیات سے آراستہ جناح اسپتال میں ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ جس کو آج سارے پبلک سیکٹر اسپتالوں میں قابل فخر سمجھا جاتا ہے ۔ان کی بے پناہ خدمات پر انہیں تمغہ ٔ امتیاز اور پاک فوج کی جانب سے اعزازی لیفٹیننٹ کرنل کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔