جڑواں شہروں، بہاولپور، میر پور خاص میں ’’غدارپاکستان‘‘کے بینرز

راولپنڈی(امت نیوز) جڑواں شہروں، بہاولپور اور میر پور خاص میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف ’’غدارپاکستان‘‘کے بینرز آویزاں کر دئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں میں میں جگہ جگہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف دیوار شرم بنادی گئیں، متعدد سڑکوں اور مری روڈ پر درجنوں بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔ جن پر وال آف شیم (دیوار شرمندگی) اور یوم مذمت غدار پاکستان لکھا ہے۔ان پینا فلیکس پر عمران خان اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی تصاویر ہیں جن پر جوتے کے نشان بنائے گئےہیں۔

جوڈیشل کمپلیکس کے باہر بھی پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف بینرز آویزاں ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کی تصویروں والے بینرز پر یوم مذمت غدار پاکستان کا نعرہ درج ہے۔راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی لیڈرشپ کےخلاف بینرز آویزاں کر دئیے گئے، ساتھ ہی ضلع کچہری چوک میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن کے دفتر کی بیرونی دیوار ، اس کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر وال آف شیم بھی بنائی گئی ہیں۔ جن پر پاکستان تحریک انصاف کو تاحال نہ چھوڑنے والے مرد و خواتین رہنماؤں اور چیئرمین عمران خان کی تصاویر سٹیمرز پر آویزاں ہیں جن پر لعن تعن دکھائی گئی ہے۔

یہ بینرز راتوں رات لگے ہیں جنہیں لگانے والوں نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کی اور یہ نہیں بتایا کہ یہ کس کی طرف سے ہیں۔دوسری جانب بہاولپور شہرکے مصرو ف ترین چوکوں پرچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اوردیگرقائدین کی انتہائی تضحیک آمیزتصاویر پرنٹ کرواکر مختلف چوکوں پرلگا دی گئی ہیں جس پرشہریوں اورسیاسی حلقوں نے سوشل میڈیاپر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے اس کی مذمت اور غم وغصہ کااظہارکیاہے۔ ادھرمیرپورخاص میں بھی تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف شہرکے مختلف چوک پربینرز آویزاں کردیئے گئے جن پر رہنماؤں کی جانب سے عوام کو اکسانے اورغداروطن کے نعرے درج ہیں ۔