اسحاق ڈار نے عمران خان سے مذاکرات کیلئے مشروط آمادگی ظاہر کر دی

اسلام آباد (امت نیوز) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے عمران خان سے مذاکرات کیلئے مشروط آمادگی کا اظہار کر دیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا عمران خان سے مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے، ان حالات میں تو مذاکرات ممکن نہیں ہیں، ابھی تک عمران خان نے صرف جناح ہاؤس کے واقعے کی مذمت کی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا عمران نیازی نے جو کچھ کیا پہلے اس کی قوم سے معافی مانگیں، آئین کے مطابق جو چیزیں ہوئیں انہیں تسلیم کریں، 9 مئی کے واقعات کی مکمل مذمت اور جو کچھ ہوا اس کی ذمہ داری بھی قبول کریں، عمران خان یہ تین چیزیں کریں گے تو پھر مذاکرات کے امکانات کو دیکھا جاسکتا ہے۔