ایران(اُمت نیوز)ایران اور افغان بارڈر پر فائرنگ سے 2 ایرانی سرحدی محافظ اور ایک طالبان جنگجو جاںبحق ہوگیا۔
طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نمروز میں ایرانی فوج کی جانب سے فائرنگ کی گئی تو جواب میں افغانستان کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ اب حالات قابو میں ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم دونوں ممالک میں پانی کو لے کر تنازع ہے۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے افغان طالبان پر 1973 کے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔
ایران کا مؤقف ہے کہ افغان طالبان دریائے ہلمند سے ایران کے خشک مشرقی علاقوں تک پانی کے بہاؤ کو محدود کر رہا ہے لیکن طالبان نے اس کی تردید کی ہے۔