راولپنڈی (اُمتنیوز) یومِ تکبیر کی مناسبت سے پاک فضائیہ نے پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج کے دن پاکستان نے بھارتی ایٹمی تجربات کے جواب میں دھماکے کر کے ایٹمی صلاحیت کا ثبوت دیا، پاک فضائیہ نے سی-130 طیاروں کے ذریعے جوہری حساس آلات کو ٹیسٹ سائٹ تک پہنچایا۔
پاک فضائیہ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایٹمی ٹیسٹ کے دوران پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے ہائی الرٹ پر رہے، طیاروں نے ایٹمی ٹیسٹ سے قبل اور اس دوران فضائی سکیورٹی فراہم کی۔
ترجمان نے کہا کہ شاہین پائلٹس دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ہمہ تن تیار تھے، پاک فضائیہ کو اس تاریخ ساز واقعے میں انتہائی اہم کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔
یاد رہے کہ 28 مئی 1998 کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے تھے اور مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔