اسلام آباد (اُمت نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس نے جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی پر شک دور کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم نے وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے بارے میں کوئی شک رہ گیا تھا تو اس سند یافتہ مجرم کی اس پریس کانفرنس نے ایسے تمام شکوک و شبہات دور کر دیئے۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ رانا ثنا اللہ واضح طور پر میڈیا میں سامنے آنے والی خوفناک کہانیوں کو روکنے اور چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، پرامن احتجاج کرنے والی خواتین کے ساتھ کبھی بھی ریاست کی جانب سے اتنا برا سلوک اور انہیں ہراساں نہیں کیا گیا جتنا اس فاشسٹ حکومت نے کیا ہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے علی اعوان نواز کی رہا ئشگاہ کو منہدم کرنے کی کارروائی کی شدید مذمت کی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکام کی جانب سے علی نواز اعوان کی رہائشگاہ کو منہدم کرنے اور ان کے گھر کے مرکزی دروازے کو گرانے کیلئے کی جانے والی افسوسناک اور نہایت بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہوں، ان کی ضعیف والدہ اور ان کی ہمشیرہ، معذوری کے باعث جن کا شمار خصوصی افراد میں ہوتا ہے، اس رہائشگاہ میں مقیم ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اب تک کے اقدامات سے یہ تو ثابت ہوتا ہے کہ پی ڈی ایم سرکار اخلاقیات نام کی کسی شے سے واقف نہیں مگر کم از کم اللہ کے غضب سے تو ڈرے جسے یہ اپنے ان فسطائی اقدامات کے ذریعے دعوت دے رہے ہیں۔