کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے آج کراچی، حیدر آباد سمیت سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر میں آج سے بدھ تک بارشوں کے طویل سلسلے کا امکان ہے۔ مختلف علاقوں میں آندھی اور ژالہ باری کا امکان بھی ظاہرکیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں آج بھی تیز ہوائیں چلتی رہیں گی جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 28.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سندھ میں حیدرآباد، ٹنڈو اللہ یار، جامشورو، مٹیاری، دادو، میرپورخاص، عمر کوٹ، تھرپارکر اور سانگھڑ سمیت مخلتف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ ژوب، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، قلات، لسبیلہ، خضدار میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔