اسلام آباد (امت نیوز) پاکستان نے 1998 میں آج ہی کے دن ایٹمی دھماکے کیے تھے اسی مناسبت سے یوم تکبیر منایا جارہا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ملک کی خاطر سیاسی اختلاف بھلا کر اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
یوم تکبیر پر قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج یوم تکبیر پر پوری قوم کو مبارک پیش کرتا ہوں، آج کے دن بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے 5 جوہری دھماکے کرکے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کا اعلان کیا تھا۔ یہ دن ہمارے لئے ازلی و ابدی عزم کا اظہار تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم آزاد ہیں، آزاد ہی رہیں گے، کوئی ہماری آزادی چھین نہیں سکتا، ہماری آزادی، خود مختاری، قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے۔ نوازشریف نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنا کر پاکستان کو پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم ایٹمی پروگرام کے بانی ذو الفقارعلی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جہنوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، ڈاکٹرعبد القدیر سمیت جوہری پروگرام کے تمام ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں۔ آج ہمیں ملک کی خاطر سیاسی اختلاف بھلا کراتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔