اسلام آباد(امت نیوز)75 واں بین الاقوامی یوم امن مشن آج منایا جائے گا۔ یہ دن ہر سال 29 مئی کو منایا جاتا ہے۔ پچھلے 75 سالوں سے اقوام متحدہ کے امن مشن دنیا کے جنگ زدہ علاقوں میں بسنے والے کروڑوں لوگوں کی بحالی اور فلاح کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ 1960 میں کانگو میں اپنی پہلی تعیناتی سے لیکر اب تک پاکستان کے دو لاکھ پچیس ہزار سیکورٹی اہلکار دنیا کے 48 ممالک میں اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے یہ فرائض انتہائی لگن اور فرض شناسی سے انجام دے چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے امن مشن کا حصہ ہوتے ہوئے پاکستان نے اقوام متحدہ کے “A4P” اور “+A4P” جیسے اقدامات کی بھرپور تائید کی جن میں امن مشنز کو فعال بنانے اور ان میں شامل افراد کی مشکل اور جنگ زدہ علاقوں میں حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کیے جانے والے اقدامات شامل ہیں۔ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پہ پاک و ہند میں تعینات اقوام متحدہ کے مشن کی ہر ممکن رسائی کو یقینی بناتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر کی ہر طرح سے پاسداری کی۔
بین الاقوامی امن کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کے 171 جانبازوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ عالمی امن کیلئے اپنی جان نثار کرنے والوں میں 27 افسران بھی شامل ہیں۔ پاکستانی دستوں کی پیشہ ورانہ خدمات اور عظیم قربانیوں کی بدولت دنیا کے شورش زدہ علاقوں میں امن قائم ہوا اور دنیا بھر میں ان خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ پاکستان ہمیشہ کی طرح اقوام متحدہ کی پائیدار امن کے لئے کی جانے والی کوششوں کی بھرپور تائید کرتا ہے اور اس سلسلے میں ماضی کی طرح اپنی خدمات پیش کرتا رہے گا۔