خیبر پختونخواہ(اُمت نیوز)خیبر پختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں ہفتے کو ہونے والے ایک موٹر سائیکل بم دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 22 فوجی زخمی ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق دھماکا ٹانک روڈ پر چھہکان کے علاقے کے قریب ہوا۔
زخمیوں کو فوری طور پر کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کیا گیا، جہاں 22 زخمی سیکیورٹی اہلکاروں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
جب حملہ ہوا تو قافلہ ڈی آئی خان سے وزیرستان کے علاقے منزہ جا رہا تھا۔ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
خودکش حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔اس حوالے سے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے سرکاری بیان جاری ہونا باقی ہے۔
جبکہ خیبرپختونخوا پولیس نے بتایا ہے کہ ڈی پی او عبدالرؤف بابر قیصرانی نے فوجی قافلے پر ”دہشت گردانہ حملے“ کے بعد جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔