روس(اُمت نیوز)روس کے صدر ولادی میر پوتین نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے ان کی انتخابی کامیابی اس بات کا بیّن ثبوت ہے کہ ترک عوام ان کی ’آزاد خارجہ پالیسی‘ کی حمایت کرتے ہیں۔
کریملن نے ایردوآن کے نام صدرپوتین کے تہنیتی پیغام میں کہا کہ انتخابات میں کامیابی جمہوریہ ترکیہ کے سربراہ کی حیثیت سے آپ کے بے لوث کام کا فطری نتیجہ ہے، جو ریاستی خودمختاری کو مضبوط بنانے اور ایک آزاد خارجہ پالیسی چلانے کی آپ کی کوششوں میں ترک عوام کی حمایت کا واضح ثبوت ہے۔
صدرپوتین نے مزید کہا کہ ’’ہم روس اور ترکیہ کے دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی مفاد میں تعاون کے لیے آپ کی ذاتی دل چسپی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
روسی اور ترک صدور نے مختلف جغرافیائی سیاسی مفادات اور مغرب کے ساتھ مختلف درجے کی کش مکش کے باوجود، برسوں سے قریبی تعلقات قائم کیے ہیں اور اس کو فروغ دیا ہے۔ روس میں ولادی میرپوتین اور ترکیہ میں ایردوآن ایک طویل عرصے سے برسر اقتدار ہیں۔ وہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے میں کامیاب رہے ہیں۔
روس اور ترکیہ کے درمیان قریبی تعلقات کے فروغ کو کئی عوامل سے منسوب کیا جاسکتا ہے۔ سب سے پہلے، دونوں رہ نماؤں کی قیادت کا انداز ایک جیسا ہے جس میں طاقت کی مضبوط مرکزیت، میڈیا پر کنٹرول اور سیاسی مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن شامل ہے۔اس مشترکہ بنیاد نے انھیں ایک دوسرے کی داخلی پالیسیوں کو سمجھنے اور ان کی حمایت کرنے کی اجازت دی ہے۔