جناح ہاؤس میں ملوث افراد کو نہیں چھوڑا جائے گا،نگران وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور(اُمت نیوز)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزام میں کوئی حقیقت نہیں۔جناح ہاؤس میں جتنے لوگ بھی ملوث ہیں ان کو نہیں چھوڑا جائے گا چاہے وہ کتنے ہی اثر و رسوخ والا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی سمن آباد آمد ہوئی، وزیراعلیٰ نے سمن آباد انڈر پاس کا جائزہ لیا،نگران وزیراعلی کو ترقیاتی کاموں کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزام میں کوئی حقیقت نہیں ،ماؤں بہنوں کی عزت کریں اور پراپیگنڈے سے گریز کریں ,ان کاکہناتھا کہ خدیجہ شاہ کی رہائی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ،جناح ہاوس پر حملے میں ملوث لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے. ان کاکہناتھا کہ ابھی تک عمران خان کی نظر بندی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ،جناح ہاؤس میں جتنے لوگ بھی ملوث ہیں ان کو نہیں چھوڑا جائے گا چاہے وہ کتنے ہی اثر و رسوخ والا ہے ان کے خلاف حتمی کارروائی اور سزا ملے گی۔ان کاکہناتھا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ کوئی پولیس والا غیر اخلاقی حرکت میں ملوث پایا گیا تو اس کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔