چین (اُمت نیوز)چین کے پہلے خود ساختہ مسافر بردار طیارے ’’ سی 919 ‘‘ نے اتوار کو اپنی پہلی پرواز پر اڑان بھرلی ہے۔ یہ طیارہ اس میدان میں مغرب کے ساتھ مقابلہ کرنے کے خواہاں چین کے لیے ایک کوانٹم لیپ کی نمائندگی کر رہا ہے۔
سرکاری ٹی وی چینل ’’ CCTV ‘‘ کے ذریعے نشر فوٹیج میں چائنیز ایسٹرن ایئر لائنز کی پرواز کو شنگھائی ہونگ یاو ایئرپورٹ سے صبح 10:30 بجے اڑان بھرتے ہوئے دکھایا گیا ۔ طیارے پر 130 سے زیادہ مسافر سوار ہیں اور طیارے کی منزل بیجنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے۔ سرکاری میڈیا کے ذریعے نشر ہونے والی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ درجنوں مسافر شنگھائی ہوائی اڈے پر جمع ہیں جو سفید رنگ کے تنگ جسم والے اس طیارے میں سوار ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔
چین نے اہم ٹیکنالوجیز میں خود کفالت حاصل کرنے کی کوشش کے حصے کے طور پر اس طیارے کو مقامی طور پر تیار کرنے کے لیے بڑی سرمایہ کاری کی ہے۔ بیجنگ کو امید ہے کہ اس کا ’’ سی 919 ‘‘ طیارہ بوئنگ 737 میکس اور ایئر بس اے 320 کا مقابلہ کرے گا۔
یہ طیارہ چین کی سرکاری کمرشل ایوی ایشن کارپوریشن نے تیار کیا ہے۔ تاہم اس کے بہت سے پرزے درآمد بھی کیے گئے ہیں۔ پانچ سالوں میں اس طیارے کی پیداواری صلاحیت 150 طیاروں تک بڑھانے کا ارادہ ہے۔