کراچی (اُمت نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ جو ہو رہا ہے یہ ان کی جماعت کی پاکستان مخالف پالیسی اور ریاست سے نفرت کا نتیجہ ہے۔
جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عمران خان نے جھوٹ پر مبنی بیانیہ بنا کر پاکستان کے معصوم عوام کو ریاست کے مخالف کھڑا کر دیا، پی ٹی آئی جس طرح سے پروان چڑھی تھی اس کا سورج بھی اسی طرح سے غروب ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر نے کہا کہ عمران خان کو اب اپنے بیرونی آقاؤں کا کہنا ماننا چھوڑنا ہوگا، عمران خان کو پاکستان کے عوام سے اپنی غلطیوں کی معافی مانگنی ہو گی، سندھ کے وڈیرے جاگیرداروں کی غلامی مزید قبول نہیں کریں گے، مردم شماری ہماری ریڈ لائن ہے، درست شمار نہ کیا گیا تو ہم سڑکوں پر عوام کی عدالت لگا کر بیٹھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے اپنے دور میں کے فور کا منصوبہ شروع کیا، منصوبہ دو سو ارب تک پہنچ گیا لیکن ابھی تک مکمل ہوتا نظر نہیں آتا، دریائے سندھ میں کراچی کے عوام کیلئے پانی میسر نہیں، اس سے بڑا کراچی کے عوام کے ساتھ تعصب کیا ہو گا۔